جموں،28 ؍جنوری (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)جموں وکشمیر کے راجوری ضلع میں منشیات کے اسمگلروں کا پتہ لگانے کے دوران مقامی لوگوں نے ایک پولیس پارٹی پر حملہ کیا۔ پولیس نے پیر کو یہ معلومات دی ہیں۔پولیس نے بتایا کہ ایک خفیہ اطلاع پر راجوری شہر کے انچارج ذیلی انسپکٹر دانش مقبول نے ایک دکان پر چھاپہ مارا جہاں اسمگلر موجود تھے۔انہوں نے بتایا کہ دکان کا مالک موقع سے فرار ہو گیا اور جب پولیس نے اسے پکڑنے کی کوشش کی تو اس کے خاندان کے ارکان نے پولیس پر پتھراؤ شروع کر دیا۔راجوری کے ایس ایس پی یوگل منہاس نے بتایا کہ حملے میں ٹیم کے کچھ رکن زخمی ہو گئے۔راجوری کے ایس ایچ او اعجاز حیدر اور ڈی ایس پی گووند رتن کی قیادت میں ایک ٹیم موقع پر پہنچی اور پوزیشن کو کنٹرول میں کیا۔ایس ایس پی نے بتایا کہ چھ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے اور چار لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ دو ملزمان کو گرفتار کرنے کے لئے ایک خصوصی ٹیم قائم کی گئی ہے۔